شہریوں کے جائز اراضی و ریونیو معاملات میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، سائلین کو بار بار دفتر کے چکر نہ لگوائے جائیں، مریضوں کو بروقت علاج اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے: میر رضا اوزگن
جہلم (21 ستمبر 2026): شہریوں کو اراضی و ریونیو اور طبی سہولیات کی بروقت و مؤثر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے سوہاوہ میں اراضی ریکارڈ سنٹر اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر سوہاوہ کے دورے کے دوران عملے کی حاضری، دفتری نظم و ضبط، زیرِ التوا درخواستوں اور سائلین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے واضح ہدایت کی کہ شہریوں کے جائز اراضی و ریونیو معاملات میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عملے کو دفتری اوقات کی مکمل پابندی، سائلین کی مناسب رہنمائی اور درخواستوں پر قانون و میرٹ کے مطابق فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
میر رضا اوزگن نے کہا کہ سائلین کو بلاوجہ انتظار یا بار بار دفتر کے چکر نہ لگوائے جائیں۔ زیرِ التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹاتے ہوئے شہریوں کو شفاف، تیز رفتار اور مؤثر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبوں، علاج معالجے کے انتظامات اور ضروری ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور عملے کے رویے کے بارے میں براہِ راست دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ شائستہ اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے اور انہیں بروقت رہنمائی و علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے اور مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی صحت کے اداروں میں بہتر سروس ڈیلیوری، مریضوں کی مناسب رہنمائی اور خوش اخلاقی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
0











