0

سوہاوہ میں یومِ سیاہ کشمیر پر ریلی، بھارتی مظالم کی مذمت، حقِ خودارادیت کا مطالبہ

سوہاوہ: (نیوزلائن ) ملک بھر کی طرح سوہاوہ میں بھی 27 اکتوبر یومِ سیاہ کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ثمیہ بشیر، چیف میونسپل آفیسر چوہدری حفیظ، انجمنِ تاجراں کے نمائندوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اورکثیر تعداد میں مڈیا نمائیندگان نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز میونسپل کمیٹی سوہاوہ سے ہوا۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور حقِ خودارادیت کی حمایت میں نعرے درج تھے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ثمینہ بشیر نے ریلی کے شرکاء سمیت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کی جدوجہد عالمی برادری کی توجہ کی متقاضی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا تحفظ اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دینا ضروری ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
چیف میونسپل آفیسر سوہاوہ محمد حفیظ حسین نے ریلی کے شرکاء سمیت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ سیاہ منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اقوامِ متحدہ اور عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور حقِ خودارادیت کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج کی جموں و کشمیر میں آمد کے تناظر میں ہر سال یومِ سیاہ منایا جاتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے متعدد قراردادیں منظور کیں، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کو آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ریلی کے شرکاء نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے، بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کی کوششیں تیز کی جائیں۔
ریلی کے ذریعے سوہاوہ سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں