0

یومِ سیاہ کشمیر: جہلم میں ضلعی انتظامیہ کی یکجہتی ریلی، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے وائی کراس تک نکالی گئی، اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی خان کی قیادت میں سرکاری محکموں اور سول سوسائٹی کی شرکت
جہلم (نیوزلائن) یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے کی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر وائی کراس تک نکالی گئی۔ شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ اسکول ایجوکیشن، محکمہ صحت اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی خان نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ناگزیر ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں