0

ریسکیو 1122 جہلم نے اگست میں 3911 افراد کو ریسکیو کیا

3521 ایمرجنسی کالز پر بروقت رسپانس، اوسط رسپانس ٹائم 8 منٹ رہا؛ 144 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا منتقل کیا گیا
جہلم(نیوزلائن) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہ اگست 2026 کے دوران ریسکیو 1122 جہلم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ اگست کے دوران بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3911 افراد کو ریسکیو کیا۔ ان میں سے 2040 مریضوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ فوری طبی امداد کے بعد 1780 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 جہلم نے اگست کے دوران 3521 ایمرجنسی کالز پر رسپانس کیا۔ ان میں 379 روڈ ٹریفک حادثات، 2560 میڈیکل ایمرجنسیز، 12 آتشزدگی کے واقعات، 44 کرائم کیسز، 3 چھتیں گرنے کے واقعات اور 2 ڈوبنے کے واقعات شامل تھے، جبکہ 521 دیگر نوعیت کی ایمرجنسیز پر بھی ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔
بارشوں اور فلیش فلڈ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے جہلم سٹی، ڈومیلی، بڑگواہ، گوڑا چوہدریاں اور نوگراں سمیت مختلف مقامات پر ریسکیو سیکٹرز قائم رہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امداد فراہم کی جاسکے۔
ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ اگست کے دوران بہتر رسپانس ٹائم کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اوسطاً 8 منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ کر شہریوں کو ریسکیو سروسز فراہم کیں۔
فائر سیفٹی اور کمیونٹی سیفٹی پروگرام
کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے اگست میں تمام ہائی رائز عمارتوں کے فائر سیفٹی سروے کیے گئے، جبکہ مختلف مقامات پر فرضی مشقوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔
اس کے علاوہ مختلف اداروں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کی تربیت فراہم کی گئی، جبکہ سکاؤٹس کے لیے CADRE ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے ماہ اگست کے دوران ضلع کے DHQ، THQ اور RHC سمیت مختلف ہسپتالوں میں فائر سیفٹی ڈرلز بھی کرائی گئیں۔ ان مشقوں کا مقصد ہسپتال انتظامیہ اور عملے کو آگ لگنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران فوری، مؤثر اور منظم حفاظتی اقدامات، فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی رسپانس کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔
144 مریضوں کو دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا
پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلع جہلم سے 144 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد نے پورے ماہ کے دوران ریسکیورز کی کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم کسی بھی آفت یا ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کے اہلکار ہنگامی حالات میں شہریوں کو بروقت اور بہترین ممکنہ سروسز فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں