0

جہلم میں گوشت سرکاری نرخ سے سینکڑوں روپے مہنگا فروخت ہونے کا انکشاف

گائے کا گوشت 1400 جبکہ بکرے کا گوشت 2600 روپے کلو تک فروخت، سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے پر شہریوں کا اظہار تشویش
جہلم (نیوزلائن): جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں گوشت کی سرکاری قیمتوں اور بازاروں میں مبینہ طور پر وصول کی جانے والی قیمتوں میں نمایاں فرق سامنے آنے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کے مطابق سرکاری نرخ نامے میں گائے کے گوشت کی قیمت 900 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم شہر اور گردونواح میں یہی گوشت مبینہ طور پر 1300 سے 1400 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1700 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر 2600 روپے فی کلو تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ یوں گائے کے گوشت کی قیمت میں سرکاری نرخ سے 400 سے 500 روپے جبکہ بکرے کے گوشت میں تقریباً 900 روپے فی کلو تک کا فرق سامنے آ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے موجود ہونے کے باوجود مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث عوام کو روزمرہ استعمال کا گوشت مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ نرخوں پر خریدنا پڑ رہا ہے۔ مہنگائی کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار غریب، سفید پوش اور دیہاڑی دار طبقہ اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
شہری حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل انتظامیہ اور متعلقہ افسران کی جانب سے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر فیلڈ چیکنگ کیوں نظر نہیں آ رہی۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں گوشت کی قیمتوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کرائے جائیں اور مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں