0

جہلم :جلالپور ایریگیشن منصوبہ چند ماہ میں فعال ہوگا .ڈپٹی کمشنر

تکمیل کی راہ میں تمام رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت، منصوبے سے ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب اور زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا
جہلم (نیوزلائن): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ جلالپور کندوال نہر (جلالپور ایریگیشن پراجیکٹ) کو درپیش تمام رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کرکے منصوبے کو آئندہ چند ماہ میں باقاعدہ فعال کر دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات جلالپور کندوال نہر کے منصوبے پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادن خان، ماہرین آبپاشی اور منصوبے کی تکنیکی ٹیم کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں جلالپور ایریگیشن پراجیکٹ پر جاری ترقیاتی کام، تکمیل کے لیے درکار اقدامات اور انتظامی و فنی نوعیت کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پراجیکٹ ٹیم اور ماہرین نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی موجودہ صورتحال اور باقی ماندہ کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام تعمیراتی اور فنی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے کام کی رفتار اور معیار پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔
میر رضا اوزگن نے کہا کہ جلالپور کندوال نہر کی فعال ہونے سے پنڈ دادن خان اور ملحقہ علاقوں میں زرعی سرگرمیوں کو نمایاں فروغ ملے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی کو آبپاشی کی سہولت میسر آئے گی، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور مقامی کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری متوقع ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کی تکمیل کے لیے وقت کی پابندی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران اور پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے منصوبے کو جلد فعال بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں