جہلم ( نیوزلائن) 5 اکتوبر: عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر محکمہ تعلیم ضلع جہلم کے زیرِ اہتمام اساتذہ کی گراں قدر خدمات کے اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق اور وزیرِ مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے بھائی حمزہ اظہر کیانی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور انتظامی افسران کو میڈلز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جو نئی نسل کی علمی و فکری تربیت، کردار سازی اور روشن مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی عزت و تکریم، حوصلہ افزائی اور درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ضلعی تعلیمی افسران کی زیرِ نگرانی منعقدہ تقریب میں سکول سربراہان، اساتذہ اور انتظامی افسران کی تدریسی و انتظامی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معیاری تدریس، طلبہ و طالبات کی بہتر تربیت اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
0











