14 کارکن میانوالی جیل منتقل، مزید افراد کو جیل بھیجنے کی تیاریاں، جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان میں کارروائیاں جاری
جہلم (عامر کیانی سے): 27 ستمبر کے احتجاج کے تناظر میں ضلع جہلم میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز ہونے کی اطلاعات ہیں، ذرائع کے مطابق اب تک 48 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم کارکن اور مقامی سطح پر احتجاجی سرگرمیوں میں متحرک افراد شامل ہیں۔ گرفتار افراد میں سے 14 کو میانوالی جیل منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر گرفتار افراد کو بھی میانوالی جیل منتقل کیے جانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان کے مختلف علاقوں میں مزید گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مزید افراد کی گرفتاری کے لیے فہرستوں کی بنیاد پر کارروائیاں کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے باعث بعض تحریک انصاف کے کارکن گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر روپوش ہوگئے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں ممکنہ طور پر احتجاجی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل بھی جہلم میں 27 ستمبر کے احتجاج کے تناظر میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔
دوسری جانب گرفتاریوں کی موجودہ تعداد، میانوالی جیل منتقلی اور جاری کارروائیوں کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا تفصیلی مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔ سرکاری مؤقف سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوسکے گی۔
0











