اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے حوالے سے آج کا فیصلہ اہم ہے، جس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، اس حوالے سے تمام سیکیورٹی اور متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مخصوص مقامات کے حوالے سے مختلف باتیں کی جارہی ہیں، تاہم احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن شہریوں کے راستے بند کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کسی بھی جگہ راستے بند کرنا یا شہریوں کو روکنا قابل قبول نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کریں، احتجاج کرنا ہے تو کریں، لیکن لوگوں کے راستے بند نہ کریں، کسی بھی طریقے سے شاہراہیں بند کرکے شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ ادارے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
0











