ڈیرہ اسماعیل خان (نیوز ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 6 خارجیوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید نائیک غلام مرتضیٰ کا تعلق ضلع گجرات جبکہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
0











