0

سوہاوہ: اسسٹنٹ کمشنر کا صفائی آپریشن کا معائنہ، خامیاں دور کرنے کی ہدایت

گھر گھر کوڑا اٹھانے کا نظام جاری، نالیوں کی ڈی سلٹنگ مزید بہتر بنانے پر زور
جہلم (نیوزلائن): محلہ نئی آبادی سوہاوہ میں صفائی کی صورتحال اور ستھرا پنجاب ایجنسی کی فیلڈ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے علاقے کا دورہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف مقامات پر دستی صفائی، گھر گھر کوڑا اکٹھا کرنے کے نظام، نالیوں کی ڈی سلٹنگ اور مجموعی صفائی آپریشن کا موقع پر معائنہ کیا۔
دورے کے دوران دستی صفائی کا معیار تسلی بخش پایا گیا، تاہم بعض مقامات پر نالیوں کی ڈی سلٹنگ میں مزید بہتری کی ضرورت کی نشاندہی کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر متعلقہ تحصیل منیجر کو خامیوں کے فوری ازالے اور ڈی سلٹنگ کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ علاقے میں گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کا عمل روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے جاری ہے۔
معائنے کے دوران ایک خالی پلاٹ میں جمع کوڑے کی بھی نشاندہی ہوئی، جہاں ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹیم صفائی اور کوڑا اٹھانے کے لیے موقع پر موجود تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ہدایت کی کہ صفائی کے معیار میں تسلسل برقرار رکھا جائے، نشاندہی شدہ مقامات پر فوری بہتری لائی جائے اور مؤثر فیلڈ نگرانی کے ذریعے علاقے کو صاف ستھرا رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں