مرکزی جامع مسجد چوک اہلِ حدیث میں بعد نمازِ عشاء کانفرنس کا انعقاد، جامعہ علوم اثریہ کے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے
جہلم (محمد زاہد خورشید): مرکزی جامع مسجد چوک اہلِ حدیث جہلم میں 5 ستمبر بروز ہفتہ بعد نمازِ عشاء ’’سیرتِ شافعِ محشر‘‘ کانفرنس منعقد ہوگی۔
کانفرنس کی صدارت جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر کریں گے، جبکہ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث اسلام آباد کے امیر ڈاکٹر مولانا سید طیب الرحمن زیدی اور معروف واعظ و شیریں بیان مقرر قاری محمد الیاس مدنی آف ساہیوال خصوصی خطاب کریں گے۔
منتظمین کے مطابق کانفرنس کا انعقاد جامعہ علوم اثریہ جہلم کے ششماہی امتحانات کے نتائج کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
تقریب میں جامعہ علوم اثریہ کے ہونہار طالب علم حافظ عبداللہ اقبال کو بورڈ کے امتحان ثانویہ عامہ میں پاکستان بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر خصوصی طور پر یادگاری شیلڈ پیش کی جائے گی۔
منتظمین نے شہریوں، علماء، طلبہ اور اہلِ علاقہ سے کانفرنس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
0











