محکمہ صحت پنجاب کا مراسلہ جاری، مریضوں کو مفت ماسک اور ضروری ادویات فراہم کرنے، آگاہی مہم چلانے اور روزانہ رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت
جہلم (نیوزلائن) بدلتے ہوئے موسمی حالات اور سموگ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر محکمہ صحت پنجاب نے جہلم سمیت صوبے بھر میں سموگ ایمرجنسی سے متعلق اہم مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز ہیلتھ) کو ہدایات پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق تمام ہسپتالوں میں سموگ کے متاثرین کے لیے خصوصی کاؤنٹرز، آئسولیشن رومز اور ہائی ڈیپینڈنسی یونٹس (HDU) قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ متاثرہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
محکمہ صحت نے ہسپتالوں کے نمایاں مقامات پر آگاہی بینرز آویزاں کرنے، مریضوں اور طبی عملے میں مفت ماسک تقسیم کرنے اور سموگ سے متعلق ضروری ادویات مفت فراہم کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے، آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر مقررہ فارمیٹ میں ڈیٹا ارسال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
مراسلے میں شہریوں کو بھی سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ کوڑا کرکٹ، پرانے ٹائر، ربڑ اور پلاسٹک جلانے پر مکمل پابندی کی ہدایت کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم کرنے اور غلط پارکنگ سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد سموگ کے ممکنہ اثرات سے شہریوں کی صحت کا تحفظ اور متاثرہ افراد کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
0











