0

بلال اظہر کیانی کا جہلم میں فیول ریلیف اسکیم کا معائنہ، شفاف فراہمی کی ہدایت

جہلم (نیوزلائن): وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلعی انتظامیہ کے حکام کے ہمراہ جہلم کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت رعایتی پٹرول کی فراہمی، رجسٹریشن اور ٹوکن کے نظام کا عملی جائزہ لیا۔
بلال اظہر کیانی نے پٹرول پمپس پر موجود شہریوں سے گفتگو کی اور اسکیم کے حوالے سے ان کی آراء بھی معلوم کیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی مؤثر رہنمائی اور ریلیف کی شفاف و بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
فیول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پٹرول کے کوٹے پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جا رہی ہے۔
اہل شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم کے ذریعے 9771 پر رجسٹریشن کرکے ٹوکن حاصل کرسکتے ہیں، جس کے بعد وہ مقررہ کوٹے کے مطابق رعایتی پٹرول حاصل کرسکیں گے۔
وزیرِ مملکت نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ فیول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے موجودہ معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپس پر اسکیم کے طریقہ کار سے متعلق شہریوں کو مکمل معلومات فراہم کی جائیں اور اہل افراد کو ریلیف کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آنے دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں