صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر گورنر کی رپورٹ کا جائزہ، توثیق کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 13 اکتوبر کو طلب
اسلام آباد (نیوزلائن) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کی منظوری کل وفاقی کابینہ سے لیے جانے کا امکان ہے۔ ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔
اس سے قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ شریک تھے۔
صدرِ مملکت کی معاونت سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منگل 13 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایوانِ صدر میں خیبر پختونخوا کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بھجوائی گئی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
0











