0

سوہاوہ میں موٹر سائیکل شوروم میں آتشزدگی، ریسکیو نے آگ پر قابو پالیا

بسم اللہ چنگ چی شوروم کے قریب موٹر سائیکلوں کے شوروم میں مبینہ شارٹ سرکٹ سے آگ لگی، ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مزید نقصان سے بچا لیا
جہلم (نیوزلائن) تحصیل سوہاوہ میں بسم اللہ چنگ چی شوروم کے قریب موٹر سائیکلوں کے ایک شوروم میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شوروم میں آگ مبینہ طور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ شوروم کے مالک کو صبح 5 بج کر 15 منٹ پر آگ لگنے کا علم ہوا، جبکہ ریسکیو کنٹرول جہلم کو واقعے کی اطلاع 5 بج کر 46 منٹ پر موصول ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول جہلم نے سوہاوہ سے ایک ایمبولینس جبکہ جہلم اور گوجر خان سے ایک، ایک فائر وہیکل جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری کارروائی شروع کی اور آگ پر مکمل قابو پالیا، جس کے باعث آتشزدگی کو مزید پھیلنے سے روک کر بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔
آگ لگنے کی حتمی وجہ اور ہونے والے مالی نقصان کا تعین متعلقہ اداروں کی جانب سے کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں