0

صحافت معاشرے کا آئینہ، خبر کی تصدیق بنیادی ذمہ داری ہے، مہر محمد الیاس

ڈیجیٹل دور میں صحافیوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ صحافتی اخلاقیات اور غیر جانب داری کو بھی مقدم رکھنا ہوگا
جہلم (نیوزلائن): جہلم پریس کلب کے صدر مہر محمد الیاس نے کہا ہے کہ صحافت معاشرے کا آئینہ اور عوام کی آواز ہے، جبکہ صحافی معاشرے کے مسائل، عوامی مشکلات اور حقائق کو ذمہ داری کے ساتھ اجاگر کرنے کا اہم فریضہ انجام دیتے ہیں۔ موجودہ دور میں صحافت کے تقاضے تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اس لیے صحافیوں کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کے ذرائع کے مؤثر استعمال کے ساتھ ساتھ صحافتی اخلاقیات اور پیشہ ورانہ اصولوں کو بھی مقدم رکھنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہلم پریس کلب میں صحافیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مہر محمد الیاس نے کہا کہ موجودہ دور میں خبر کی ترسیل انتہائی تیز ہو چکی ہے اور چند لمحوں میں کوئی بھی خبر لاکھوں افراد تک پہنچ جاتی ہے، تاہم اس تیز رفتاری کے باعث صحافی کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔ خبر نشر یا شائع کرنے سے قبل اس کی تصدیق، حقائق کی جانچ پڑتال اور تمام متعلقہ فریقوں کا مؤقف سامنے رکھنا صحافتی ذمہ داری کا بنیادی تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافت محض خبر پہنچانے کا نام نہیں بلکہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے، عوامی مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانے اور کمزور طبقات کی آواز بننے کا نام ہے۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر غیر جانب داری، دیانت داری اور حقائق پر مبنی صحافت کو فروغ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے کو برداشت کرتے ہوئے شائستگی اور اخلاق کے دائرے میں رہ کر تنقید کی جانی چاہیے تاکہ صحافت معاشرے میں انتشار کے بجائے اصلاح اور بہتری کا ذریعہ بنے۔
مہر محمد الیاس نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم صحافیوں کے لیے مؤثر ذرائع ہیں، تاہم غیر مصدقہ اطلاعات، افواہوں اور سنسنی خیزی سے گریز کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید صحافتی تقاضوں سے ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پریس کلب صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں