0

پاکستان اور کویت کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق،پاک کویت ’’پروٹوکول معاہدہ 2026‘‘ پر دستخط ہو گئے

اسلام آباد ( نیوزلائن): پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے پاک کویت ’’پروٹوکول معاہدہ 2026‘‘ پر دستخط کردیے۔ وزارت دفاع کے مطابق معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔
وزارت دفاع کے مطابق معاہدے میں فوجی تربیت، استعدادِ کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہوں گے۔ معاہدے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانا ہے۔
کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ کی قیادت میں وفد نے وزارت دفاع کا دورہ کیا، جہاں وفد نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی۔ وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دراج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔
بعد ازاں کویتی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں کویتی وزیر دفاع اور ان کے وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں فریقین نے پاکستان اور کویت کے درمیان باہمی دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں