0

ڈپٹی کمشنر جہلم کا ہسپتال اور گرلز ہائی سکول کا دورہ،طبی و تعلیمی اداروں میں سہولیات، صفائی اور انتظامی امور بہتربنانے کی ہدایت

جہلم (نیوزلائن): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اپوا جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی و تعلیمی سہولیات، انتظامی امور، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو عوام اور طالبات کو بہتر ماحول اور معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا اور علاج معالجے کے انتظامات، دستیاب سہولیات اور ہسپتال کے مجموعی نظامِ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایئر کنڈیشننگ کے نظام، صفائی ستھرائی، مرمت و بحالی کے کاموں اور دیگر بنیادی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ضروری مرمت و بحالی کے کام بروقت مکمل کرنے، ایئر کنڈیشننگ نظام کو فعال رکھنے اور ہسپتال کے تمام شعبوں میں صفائی کے مطلوبہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ مریضوں کو بہتر ماحول اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں بروئے کار لائے جائیں اور بنیادی سہولیات کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنائی جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اپوا جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کلاس رومز اور سکول کے دیگر حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تدریسی سرگرمیوں، انتظامی امور، طالبات کے لیے دستیاب سہولیات اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے سکول میں صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، بجلی، واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ طالبات کو صاف، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ضروری سہولیات کو فعال رکھا جائے اور صفائی کے معیار کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے تدریسی معیار اور طالبات کی تعلیمی کارکردگی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ سکول کے انتظامی و تدریسی امور کو مؤثر انداز میں چلایا جائے۔ انہوں نے بنیادی سہولیات کی دستیابی، صفائی کے بہتر انتظامات اور تدریسی سرگرمیوں میں تسلسل کے ذریعے طالبات کے لیے سازگار ماحول یقینی بنانے پر زور دیا۔
میر رضا اوزگن نے دونوں اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے عوامی و تعلیمی خدمات کے معیار میں مسلسل بہتری لائی جائے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں