متعدد رکشے تھانے میں بند، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور بھی قانون کی گرفت میں
پنڈدادن خان(نیوزلائن) راجہ ہوٹل چوک کے قریب سکول سے بچوں کی واپسی کے دوران نوعمر رکشہ ڈرائیوروں کی مبینہ ریس اور تیز رفتاری کے باعث طالبات سے بھرا رکشہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 4 طالبات زخمی ہوگئیں جبکہ رکشہ ڈرائیور کے پاؤں کی ہڈی فریکچر ہوگئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ پنڈدادن خان پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد نوعمر رکشہ ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے رکشے بھی تحویل میں لے کر تھانے میں بند کردیئے گئے۔
ایس ایچ او تھانہ پنڈدادن خان ملک نثار احمد کی نگرانی میں کی جانے والی کارروائی کے دوران حادثے کا باعث بننے والے کم عمر رکشہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حادثہ سکول سے بچوں کی چھٹی کے بعد واپسی کے دوران پیش آیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سکول کے طلبہ کو لانے اور لے جانے والے متعدد رکشہ ڈرائیور نوعمر ہیں اور بعض کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود نہیں۔ تیز رفتاری اور کم عمری کے باعث اس نوعیت کے حادثات پہلے بھی رونما ہوچکے ہیں۔
پولیس کی جانب سے نوعمر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کے بعد سماجی و فلاحی حلقوں نے اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سکول اوقات میں بچوں کو لانے اور لے جانے والے رکشوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے اور کم عمر بچوں کو رکشے چلانے سے روکا جائے۔
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، اس لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور سکولوں کے اطراف مؤثر ٹریفک نگرانی ناگزیر ہے۔
شہریوں نے راجہ ہوٹل چوک پر ٹریفک وارڈنز کی مستقل تعیناتی اور سکول اوقات کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ تیز رفتاری اور کم عمر ڈرائیوروں کے باعث ہونے والے حادثات کا سدباب کیا جاسکے۔
0











