0

پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی منظوری، گورنر کے دستخط کے بعد نفاذ کی راہ ہموار

صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تمام قانونی رکاوٹیں ختم، دسمبر 2025 میں انتخابات متوقع ، ہر یونین کونسل میں 13 ارکان شامل ہوں گے
لاہور (نیوز لائن)پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے نفاذ کی آخری رکاوٹ بھی ختم ہو گئی ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے بل پر باضابطہ دستخط کر دیے، جس کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تمام قانونی رکاوٹیں دور ہو گئیں۔
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایکٹ کی منظوری کے بعد اس کا مسودہ گورنر کو ارسال کیا تھا، جس پر دستخط کے بعد اب اس ایکٹ کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت یہ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کرے گی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نئے ایکٹ کے تحت حلقہ بندیاں اور حدبندیوں کا عمل مکمل کرے گا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن پہلے ہی دسمبر 2025 میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کر چکا ہے۔ نئے قانون کے تحت صوبے بھر میں حلقہ بندیاں اسی ایکٹ کے مطابق کی جائیں گی جبکہ ہر یونین کونسل میں 13 ارکان شامل ہوں گے۔
اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے گورنر پنجاب سے ملاقات کر کے ایکٹ کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ماہرین کے مطابق نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے نفاذ سے صوبے میں بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی راہ ہموار ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں