اسلام آباد:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاک عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس سے قبل سلطنتِ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی۔
دونوں رہنماوٴں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
عمانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی علاقائی امن و استحکام کے لیے عمان کے تعمیری کردار اور مشترکہ عزم کو سراہا۔
0











