سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادیا۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی ناکام بنادی۔ سیکیورٹی فورسز نے 31 اگست، یکم ستمبر کی درمیانی شب خوارج کی نقل وحرکت کا سراغ لگایا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی 36 گھنٹے تک جاری رہی، سیکیورٹی فورسزنے پیشہ ورانہ مہارت،صبر کے ساتھ خوارج کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز کی مؤثرکارروائی میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ واقعہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی اور افغان سرزمین کے دہشت گردی کیلئے استعمال کو روکنے میں ناکامی کے پاکستانی مؤقف کی ایک اور تصدیق ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان رجیم مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پُرعزم اور غیرمتزلزل ہیں، علاقے میں بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
0











