اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ بیان، امریکی صدر ٹرمپ کی جنگ بندی تجویز اور حماس کے مثبت ردعمل کو سراہا گیا
اسلام آباد (نیوز لائن)پاکستان نے مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے غزہ کا انتظام ماہر ٹیکنوکریٹس پر مشتمل عبوری فلسطینی انتظامی کمیٹی کے سپرد کرنے کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ کی جانب سے مشترکہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ جنگ کے خاتمے سے متعلق تجویز پر حماس کے مثبت ردعمل کو خوش آئند قرار دیا گیا۔
بیان میں یرغمالیوں کی رہائی اور عملدرآمد کے طریقہ کار پر مذاکرات کے آغاز کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کے اسرائیل سے فوری بمباری روکنے کے مطالبے کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزرائے خارجہ نے خطے میں قیامِ امن کے لیے امریکی صدر کی کوششوں کی تعریف کی، جبکہ مشترکہ بیان کے مطابق یہ پیشرفتیں جامع اور پائیدار جنگ بندی کے لیے حقیقی موقع فراہم کرتی ہیں۔
مزید کہا گیا کہ وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے، فوری امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے تحفظ پر زور دیا۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جنگ کے فوری خاتمے، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینیوں کے عدم انخلا کو یقینی بنایا جائے۔
وزرائے خارجہ نے تمام فریقوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی مکینزم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیرنو ناگزیر ہے۔
آخر میں، وزرائے خارجہ نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
0











