غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، بلال اظہر کیانی
وزیر مملکت برائے خزانہ و پاکستان ریلوے نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں مفت میت منتقلی ایمبولینس سروس کا افتتاح کردیا، ہسپتال سے میت لواحقین کے گھر تک بلا معاوضہ منتقل کی جائے گی
جہلم (نیوزلائن)وزیر مملکت برائے خزانہ و پاکستان ریلوے بلال اظہر کیانی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں میت منتقلی ایمبولینس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور سیکرٹری و بانی ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی کاوشوں سے ضلع جہلم میں ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام اس عوامی فلاحی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر میاں مظہر، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر زاہد، سعید احمد الصدیق (صدر ویلفیئر سوسائٹی)، ملک محمد اقبال اعوان (انجمن تاجران جہلم)، ہسپتال انتظامیہ، میڈیا نمائندگان اور دیگر سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ میت ایمبولینس سروس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انسان دوست وژن کا عملی مظہر ہے۔ اس سہولت کا بنیادی مقصد غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کی مشکلات کم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سروس کے تحت ہسپتال سے میت کو لواحقین کے گھر تک بلا معاوضہ منتقل کیا جائے گا، تاکہ کسی خاندان کو اپنے پیاروں کی میت گھر لے جانے کے لیے مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے پُرعزم ہے۔ میت منتقلی سروس کے ذریعے غم زدہ خاندانوں کو باعزت، بروقت اور مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔
تقریب کے اختتام پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے میت منتقلی ایمبولینس کا معائنہ کیا اور سروس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
0











