0

لبنانی وزیر داخلہ، انڈونیشین بحریہ کے سربراہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، سکیورٹی و دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ادارہ جاتی روابط، پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی اشتراک اور مشترکہ مشقیں مزید مستحکم کرنے پر اتفاق، علاقائی امن کیلئے پاکستان کی خدمات کا اعتراف
راولپنڈی ( نیوزلائن): لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار اور انڈونیشیا کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرکے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان کے ساتھ سکیورٹی و دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
احمد الحجار کی ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے سکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
لبنانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
دوسری جانب انڈونیشیا کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں عسکری قائدین نے پاک انڈونیشیا مسلح افواج کے درمیان موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی اشتراک اور مشترکہ مشقوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
انڈونیشین بحریہ کے سربراہ نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں