0

سعودی عرب کا دفاع ہر صورت یقینی بنائیں گے : ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی اچانک وجود میں آنے والا اتحاد نہیں، بلکہ دفاعی تعاون پر مبنی معاہدہ ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستانی افواج کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں مختلف صلاحیتوں اور شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے کے نفاذ، اس کے دائرۂ کار اور متعلقہ دستوں کی تعیناتی سے متعلق فیصلے آپریشنل کمانڈرز کریں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ معاہدے کا مقصد کسی کو دشمن یا دوست قرار دینا نہیں، بلکہ سعودی عرب کا دفاع کرنا ہے۔ ان کے مطابق یہ دفاعی انتظام خطے کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا اور مذموم مقاصد رکھنے والے عناصر کسی بھی اقدام سے پہلے کئی بار سوچنے پر مجبور ہوں گے۔
ایران امریکا تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان جنگ کے خاتمے اور معاہدے کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ پاکستان چاہتا ہے کہ اختلافات کم ہوں، مذاکرات کے ذریعے پُرامن حل تلاش کیا جائے اور تنازع کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیرجانبدارانہ کردار ادا کرتے ہوئے امریکا ایران جنگ بندی کے لیے اہم کوششیں کیں۔ پاکستان کا مفاد علاقائی امن و استحکام میں ہے، کیونکہ جنگ کو مزید پھیلانے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں