0

دینہ میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی پانچ گھنٹے کھلی کچہری، زمینوں پر قبضوں اور تقسیم کے مسائل سرفہرست،متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے

دینہ میں بلال اظہر کیانی کی پانچ گھنٹے کھلی کچہری، زمینوں پر قبضوں اور تقسیم کے مسائل سرفہرست
دینہ ( نیوزلائن) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے دینہ میں کھلی کچہری کے دوران پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک شہریوں کے انفرادی اور اجتماعی مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں خواتین، بزرگوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے پانی، بجلی، سیوریج، روزگار، باہمی تنازعات اور دیگر مسائل پیش کیے۔ تاہم نمایاں شکایات میں زمینوں کی تقسیم، قبضوں اور انتقالِ اراضی سے متعلق معاملات شامل تھے۔
بلال اظہر کیانی نے ہر سائل کی بات تفصیل سے سنی۔ بعض شکایات پر موقع پر ہی کارروائی کی گئی، جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرنے کے ساتھ پیش رفت کا جائزہ لینے کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئیں۔
وزیر مملکت کی ہدایت پر شکایات پر ہونے والی کارروائی اور ان کے حل کی پیش رفت جانچنے کے لیے باقاعدہ ٹریکنگ سسٹم بھی وضع کیا گیا ہے۔ کھلی کچہری میں ایسے شہری بھی شریک ہوئے جنہوں نے گزشتہ کھلی کچہریوں میں پیش کیے گئے اپنے مسائل حل ہونے پر بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ عوام کے انفرادی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کی موجودگی بھی یقینی بنائی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں