انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کی ہفتہ وار تقریبات، اساتذہ، طلبہ اور محکمہ جنگلات کے نمائندوں کی بھرپور شرکت
جہلم ( نیوزلائن): انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے حوالے سے ہفتہ وار تقریبات کے سلسلے میں ضلع جہلم میں شجرکاری اور ماحولیاتی آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ مہم کا افتتاح منیجنگ ڈائریکٹر سُتھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان نے پودا لگا کر کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل جہلم عبداللہ غازی خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ راجہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی میمونہ انجم بھی موجود تھیں۔
شجرکاری مہم کے دوران اساتذہ، طلبہ اور محکمہ جنگلات کے نمائندگان نے بھی پودے لگائے اور ماحولیاتی آگاہی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے درختوں کی اہمیت، ماحولیاتی تحفظ اور صاف و سرسبز ماحول کے فروغ کے حوالے سے طلبہ میں شعور اجاگر کیا۔
اس موقع پر پودوں کی مناسب نگہداشت اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ خواندگی کا مقصد صرف پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت پیدا کرنا نہیں بلکہ افراد کو باشعور، ذمہ دار اور ماحول دوست شہری بنانا بھی ہے۔ تعلیمی اداروں میں شجرکاری اور آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو ماحولیاتی تحفظ، درختوں کی اہمیت اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف و سرسبز رکھنے کی ذمہ داری سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کی ہفتہ وار تقریبات کے تحت ضلع بھر میں آگاہی، شجرکاری اور دیگر تعلیمی و سماجی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے طلبہ اور کمیونٹی میں تعلیمی شعور کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
0











