0

پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار نافذ کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے آئل ریفائنریز کو ہدایات جاری کر دیں، اضافی پیٹرولیم لیوی کا فائدہ صارفین کو قیمتوں میں کمی کی صورت میں منتقل کیا جائے گا
اسلام آباد: ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے تمام آئل ریفائنریز کو نئے فارمولے پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وفاقی کابینہ نے جمعہ کے روز منظور کیے گئے فیصلے کے تحت پٹرول کی درآمدی قیمت کے تعین کے لیے نیا طریقہ کار وضع کیا ہے۔ اس کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے درآمد کیے گئے متعلقہ کارگو کی اصل درآمدی لاگت کو پٹرول کی درآمدی قیمت مقرر کرنے کے لیے بنیاد بنایا جا سکے گا۔
اگر روزانہ قیمتوں کے تعین کے وقت متعلقہ کارگو کی اصل درآمدی لاگت دستیاب نہ ہو تو آخری دستیاب کارگو کے پریمیم، اضافی اخراجات اور کسٹمز ڈیوٹی کو درآمدی قیمت کے حساب کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
نئے طریقہ کار کے تحت آئل ریفائنریز کو آئندہ 30 روز کے لیے پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت مقرر کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے 7 مارچ 2026 کی جنگ سے پہلے کی قیمت کی سطح پر پریمیم، اضافی اخراجات اور کسٹمز ڈیوٹی لاگو کی جائے گی۔
فیصلے کے مطابق پہلی شق کے تحت متعین درآمدی قیمت اور دوسری شق کے تحت مقرر کردہ ایکس ریفائنری قیمت کے درمیان فرق ریفائنریز کو پیٹرولیم لیوی کے طور پر اکاؤنٹ نمبر C03901 میں جمع کرانا ہوگا۔
اس طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم لیوی میں ہونے والی ایڈجسٹمنٹ سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ صرف پٹرول صارفین کو منتقل کیا جائے گا، جس کے لیے موٹر اسپرٹ (ایم ایس) یعنی پٹرول کی قیمت میں اسی تناسب سے کمی کی جائے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن نے ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اوگرا کے قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشنز اور بعد ازاں جاری ہونے والے پیٹرولیم لیوی نوٹیفکیشنز میں درج تفصیلات کے مطابق اضافی لیوی جمع کرائیں۔
ریفائنریز کو مقامی سطح پر فروخت ہونے والے پٹرول (ایم ایس) کی روزانہ فروخت کی تفصیلات بھی پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کو فراہم کرنا ہوں گی۔ ان رپورٹس کے ساتھ سی پی آرز اور ادائیگی کے چالان بھی جمع کرانا لازمی ہوگا تاکہ ریکارڈ کی تصدیق اور حسابات کی مطابقت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں