4 پرمٹس کی نیلامی سے 12 لاکھ 11 ہزار 800 ڈالر آمدن، توشی ٹو پرمٹ کی ریکارڈ 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر بولی
پشاور (نیوزلائن) خیبرپختونخوا حکومت نے مارخور ٹرافی ہنٹنگ کے پرمٹس کی نیلامی سے 33 کروڑ 56 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد کا ریونیو حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔
چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف خیبرپختونخوا ڈاکٹر محسن فاروقی کی زیرصدارت مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی ہوئی، جس میں چترال اور کوہستان کی مختلف ویلیج کنزرویشن کمیٹیوں کے لیے 4 ایکسپورٹیبل مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس نیلام کیے گئے۔
نیلامی سے خیبرپختونخوا حکومت کو مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 800 امریکی ڈالر کا ریونیو حاصل ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں 33 کروڑ 56 لاکھ 85 ہزار روپے بنتا ہے۔
نیلامی میں سب سے زیادہ بولی چترال کے توشی ٹو مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کی لگی، جو 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا۔ اس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت تقریباً 9 کروڑ 29 لاکھ 65 ہزار روپے بنتی ہے۔
گزشتہ سال مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کی سب سے زیادہ بولی 2 لاکھ 72 ہزار ڈالر لگی تھی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 7 کروڑ 53 لاکھ 47 ہزار روپے بنتی تھی۔
حالیہ نیلامی میں توشی ون کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا، جس کی پاکستانی مالیت تقریباً 8 کروڑ 88 لاکھ روپے ہے۔
اسی طرح گہریت گول کا مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 7 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتے ہیں، جبکہ کائیگاہ کھوار کا پرمٹ 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا، جس کی پاکستانی مالیت تقریباً 8 کروڑ 18 لاکھ روپے ہے۔
حکام کے مطابق مارخور ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور وائلڈ لائف کے تحفظ پر خرچ کیا جائے گا، جبکہ 20 فیصد رقم صوبائی سرکاری خزانے میں جمع ہوگی۔
حکومت کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کا مقصد جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو معاشی فوائد فراہم کرنا اور وائلڈ لائف کے تحفظ میں کمیونٹی کی شمولیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
0











