0

اس مرتبہ اسلام آباد کو سومنات بنائیں گے، جنید اکبر کا اعلان۔ غیرقانونی طریقے سے آنے والوں کو واپس نہیں جانے دیں گے: طلال چوہدری

مردان(نیوزلائن) پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس مرتبہ کارکن مختلف راستوں سے وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے اور ’’اسلام آباد کو سومنات بنائیں گے‘‘۔
مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن اسلام آباد ایک راستے سے نہیں جائیں گے بلکہ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے علاوہ مارگلہ کے پہاڑوں اور ڈی آئی خان کی جانب سے بھی اسلام آباد پہنچیں گے۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ گزشتہ مرتبہ احتجاج کے دوران کارکن لاشیں اٹھا کر واپس چلے گئے تھے اور وہ اس وقت احتجاج جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں تھے، تاہم اس مرتبہ ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار لاشیں دفن کرکے خاموش نہیں رہیں گے۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر نے کہا کہ کارکن مختلف راستوں سے اسلام آباد پہنچیں گے اور اپنے احتجاج کو آگے بڑھائیں گے۔
طلال چوہدری کا جواب
جنید اکبر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اگر مظاہرین پرامن شہری ہیں تو ہر راستے سے اسلام آباد آئیں اور 100 بار آئیں، لیکن اگر دہشت گرد بن کر آئیں گے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا اور کوئی غیرقانونی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں ایسی کوئی چیز برداشت نہیں کی جائے گی جو غیرقانونی ہو یا جس سے جان و مال کو خطرہ ہو۔
جنید اکبر کے ’’سومنات‘‘ والے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ’’ہمیں پتا ہے انہوں نے خیبرپختونخوا کو سومنات بنا دیا ہے‘‘، حکومت اس طرح کی سوچ کو آگے نہیں بڑھنے دے گی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ جنید اکبر کے بیان سے لانگ مارچ کے حوالے سے ان کا اصل پلان سامنے آگیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں