اسلام آباد: قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ دنیا کے 72 ممالک میں مجموعی طور پر 21 ہزار 647 پاکستانی شہری قید ہیں، جن میں سے 13 ہزار 78 زیرِ سماعت مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ 8 ہزار 569 کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے سوال کے جواب میں تحریری طور پر ایوان کو بتایا کہ بیرونِ ملک قید پاکستانی شہری مختلف مقدمات میں زیرِ حراست ہیں۔ ان میں دھوکا دہی، منشیات کی اسمگلنگ، جنسی حملے، جعلی ویزوں اور دستاویزات کے استعمال، قتل سمیت دیگر جرائم کے مقدمات شامل ہیں۔
وزارت خارجہ کی دستاویزات کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی قیدیوں کی نمایاں تعداد موجود ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا کہ ایسے 14 ممالک میں تقریباً 2 ہزار 100 پاکستانی قید ہیں جن کے ساتھ پاکستان کے ملزمان کی حوالگی کے معاہدے نہیں ہیں۔
ان ممالک میں بحرین میں 581، ملائیشیا میں 459، عمان میں 252، قطر میں 599، عراق میں 81، مصر میں 12، اردن میں 8، آسٹریلیا میں 27، جنوبی کوریا میں 7، جاپان میں 16، تھائی لینڈ میں 35 اور کمبوڈیا میں 22 پاکستانی قید ہیں، جبکہ فلپائن اور ویتنام میں ایک، ایک پاکستانی شہری زیرِ حراست ہے۔
0











