0

’’پنجاب کو ہمسایہ ملک سے نہیں، ہمسایہ صوبوں سے آنیوالی دہشت گردی سے زیادہ خطرہ ہے‘‘، مریم نواز

وزیراعلیٰ کا دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا اعلان، پنجاب کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا؛ سکیورٹی پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردی کو صوبے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو پڑوسی ممالک سے کم جبکہ ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے، صوبے کے امن و امان پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام اللہ تعالیٰ کے بعد ان کی جانب دیکھ رہے ہیں، سکیورٹی خطرات کے پیش نظر صوبے کی حفاظت پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’مجھے ہمسایہ ممالک سے کم، ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے۔‘‘ کچے کا علاقہ کئی دہائیوں سے جرائم کا گڑھ بنا ہوا تھا، تاہم فوج اور سندھ حکومت کے تعاون سے وہاں حالات قابو میں ہیں۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب کے بارڈر ایریاز سے سکیورٹی تھریٹس موصول ہوتی ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ انٹیلیجنس ہب سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور بروقت معلومات کے تبادلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کی صورتحال پر قابو پانا اور منظم جرائم کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج تھا۔ پنجاب میں ماضی میں دن دیہاڑے پانچ پانچ قتل ہوجاتے تھے، جبکہ بچوں سے زیادتی کے واقعات انتہائی اذیت ناک ہیں۔
وزیراعلیٰ نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، تاہم اب بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے پنجاب میں کرپشن کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے بحیثیت قوم کرپشن ہمارے اندر سرایت کرچکی ہے اور اسے برائی کے بجائے معمول کا حصہ سمجھا جانے لگا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں بھی کرپشن ہوگی، کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کرپشن کی شرح کم ہے، تاہم کرپشن کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں