0

پنجاب میں کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خفیہ سیل قائم، گرفتاریاں شروع

مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی، کرپشن، رشوت اور اختیارات سے تجاوز کی اطلاع پر فوری کارروائی کا حکم؛ شکایت کنندہ کی شناخت صیغہ راز میں رکھنے کا فیصلہ
لاہور (نیوزلائن) پنجاب حکومت نے کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے خفیہ سیل قائم کردیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جاری کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کرپشن، رشوت یا اختیارات سے تجاوز کی اطلاع متعلقہ ہیلپ لائن پر دیں، ہر شکایت پر کارروائی کی جائے گی جبکہ شکایت کنندہ کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے، جبکہ لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری بھی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام استعمال کیا جائے گا تاکہ سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام کا اعتماد حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور اس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئے تو کسی کو معافی نہیں ملے گی۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ اچھے کام پر ’’سی ایم میرٹ بیج‘‘ دیا جائے گا، جبکہ کرپشن میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والا ہر شخص سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ کرپشن کے مقدمات میں کسی کا عہدہ، تعلق یا سفارش اسے قانون کی گرفت سے نہیں بچا سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں