وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی و داخلی سلامتی سے متعلق اجلاس میں خیبرپختونخوا کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انسداد دہشتگردی کیلئے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان رابطہ کاری مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی و داخلی سلامتی سے متعلق اجلاس ختم ہو گیاہے جس میں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا وفد ، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی شریک ہوئے ۔ ان کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان بھی شریک تھیں ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی و داخلی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی و امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد خیبرپختونخوا کی صورتحال بھی زیر بحث آئی ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے مختلف شعبوں میں اب تک کے اقدامات پر بریفنگ دی اور اے آر ڈی سی کی اب تک کی کارکردگی بھی اجلاس میں زیر غور آئی۔
دہشت گردی کیخلاف جاری اقدامات اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی صورتحال پر گفتگو اورخیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کیلئے وفاقی و صوبائی اداروں کے کردار پر مشاورت کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکیج پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا جبکہ انسداد دہشت گردی کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر زور دیا۔ شہبازشریف نے امن و امان کے قیام کیلئے متعلقہ اداروں کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں انتحابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی،شیری رحمان نے تحریک انصاف کی قیادت سے ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں لیا ۔پیپلزپارٹی کی جانب سے اصلاحاتی کمیٹی میں نمائندگی کیلئے ن لیگ سے لچک دکھانے کی درخواست کی گئی جس پر وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کی جلد تشکیل کے عزم کا اظہار کیا۔
0











