0

مکہ مکرمہ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کو معاف نہیں کریں گے: شہباز شریف

مسجد الحرام پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت، حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، خطے میں کشیدگی ختم کرنے کیلئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں
اسلام آباد ( نیوزلائن): وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ، گھناؤنا اور ناقابلِ معافی اقدام قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسجد الحرام، مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ہونے والے بزدلانہ اور گھناؤنے ڈرون حملے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اور افسوسناک اقدام پر دکھی اور شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ اس قابل مذمت اور ناقابل معافی کارروائی کے نتیجے میں ہمارے دلوں میں جو گہرا دکھ، کرب اور اضطراب پیدا ہوا ہے، اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی مسلح افواج کی غیر معمولی مستعدی، شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس خطرے کا مقابلہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کے لیے پوری ثابت قدمی کے ساتھ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ایسا فریضہ ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے انتہائی قریب رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی کے دہانے سے پیچھے ہٹنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خطہ پہلے ہی تنازعات کی بہت بھاری قیمت ادا کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہے، تمام فریقین کو کشیدگی میں اضافے کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ڈرون کو سعودی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے تباہ کردیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں