فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ والوں کو سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر وہ باز نہ آئے تو انہیں اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا۔
فیصل آباد میں رورل ہیلتھ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی نے ہر شہری کی زندگی مشکل بنا دی ہے، تاہم مہنگائی کی بنیادی وجہ پیٹرول کی قیمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرتی ہے، دنیا کے ہر ملک میں مہنگائی ہے اور اس کی ایک بڑی وجہ پیٹرولیم مصنوعات کا مہنگا ہونا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے اعلان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کہیں سنا ہے کہ کسی ملک میں لانگ مارچ اور مار دھاڑ ہوئی ہو؟ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ والوں کو سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم اگر وہ باز نہ آئے تو انہیں اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
0











