اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کے سیاسی حل کے لیے ہر فریق کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا، مذاکرات ہی مسائل کے حل کا راستہ ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقاتوں کے حوالے سے کہا کہ محسن نقوی سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور مذاکرات ہونے چاہئیں، تاہم فی الحال ماحول ٹھنڈا ہے اور کوئی بات آگے نہیں بڑھ سکی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران کوئی قانون نہیں توڑا جائے گا اور نہ ہی راستے بند کیے جائیں گے۔ لانگ مارچ میں سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے سرکاری وسائل کا بالکل استعمال نہیں کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں پولیس سے متعلق عدالتی معاملے پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالت کو آئی جی خیبرپختونخوا سے حلف نامہ طلب نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ایسا تاثر بھی نہیں دینا چاہیے کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور پولیس آپس میں لڑ پڑیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت نے گزشتہ سال پولیس کے محکمے پر 45 ارب روپے خرچ کیے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ پولیس میں سیاسی مداخلت نہ ہو۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کو پولیس کے اختیارات ملنے کے بعد وہ انہیں من پسند بنیادوں پر استعمال نہیں کریں گے بلکہ پولیس کی بہتری اور استعدادِ کار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
0











