جہلم ( نیوزلائن) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ جہلم کو صنعتی و تجارتی مرکز بنانے کے لیے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے ماڈل سے استفادہ کرنا ہوگا۔ جہلم چیمبر صنعت کی ترقی کے لیے ٹھوس اور جامع منصوبہ تیار کرے، وہ ایک ماہ بعد خود چیمبر آ کر یہ منصوبہ سنیں گے اور اس کی تکمیل کے لیے وفاقی سطح پر اپنا کردار ادا کریں گے۔
وہ جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کی ترقی اور چھوٹی و درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔ روزگار نجی شعبہ پیدا کرتا ہے، جبکہ حکومت کی ذمہ داری کاروبار اور صنعت کے لیے سازگار ماحول اور ضروری معاونت فراہم کرنا ہے۔
وزیر مملکت نے اعلان کیا کہ لاہور، سیالکوٹ اور کھاریاں موٹروے کو راولپنڈی تک موجودہ حکومت کے دور میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور صنعتی ترقی کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے جہلم کی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ باہمی اتفاق، مؤثر منصوبہ بندی اور صنعتی ترقی کے مشترکہ لائحہ عمل پر توجہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہلم چیمبر قابلِ عمل تجاویز اور ٹھوس منصوبے سامنے لائے، وہ وفاقی سطح پر ان کی وکالت کریں گے اور متعلقہ فورمز پر ان کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سمیڈا (SMEDA) کے بورڈ کی ازسرِنو تشکیل کی گئی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جہلم چیمبر کا وفد سیالکوٹ چیمبر کا دورہ کرے تاکہ وہاں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی چیمبر کی استعدادِ کار بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے سیالکوٹ چیمبر کے صدر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے جہلم چیمبر کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں انجمن تاجران کے صدر ملک محمد اقبال، جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر زاہد بٹ، تاجروں، صنعت کاروں، سیاسی شخصیات اور چیمبر کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر اظہر ڈار، سینئر نائب صدر عبدالغفور بٹ، نائب صدر ندیم خان اور دیگر عہدیداروں سے حلف لیا۔
0











