0

جہلم :پکھوال پل پر پولیس پارٹی پر فائرنگ، ملزم زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

پولیس کے تعاقب پر فرار کی کوشش میں ملزم نے پل سے چھلانگ لگا دی، ایک کلو 560 گرام ہیروئن اور 30 بور پسٹل برآمد
جہلم (نیوزلائن): تھانہ صدر کے علاقے پکھوال پل کے قریب پولیس پارٹی پر فائرنگ کے واقعے میں پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو 560 گرام ہیروئن اور ناجائز پسٹل برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق پکھوال پل کے قریب ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزم احمد علی عرف علی آرائیں نے پولیس پارٹی پر مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور موٹر سائیکل پر وچلا بیلا کی جانب فرار ہوگیا۔
پولیس ٹیم نے فوری طور پر سرکاری گاڑی کے ذریعے ملزم کا تعاقب کیا۔ پولیس سے بچنے کی کوشش میں ملزم نے پل سے چھلانگ لگا دی، جس کے باعث وہ زخمی ہوگیا۔ پولیس اہلکاروں نے زخمی حالت میں ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک کلو 560 گرام ہیروئن اور 30 بور پسٹل برآمد ہوا۔ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں