احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے فیصلہ ہوا، حکومت سے فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد ( نیوزلائن): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ۲۷ ستمبر کے احتجاج کو مؤخر کرنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں، احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے جبکہ لانگ مارچ کو ملتوی کرنے کے لیے حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ۲۷ ستمبر کا احتجاج صرف پی ٹی آئی کا اکیلا فیصلہ نہیں بلکہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ احتجاج میں تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز پر رابطہ رہتا ہے، تاہم اس کی تفصیلات میڈیا پر نہیں بتا سکتے۔ حکومت سے ہمارا رابطہ رہتا ہے اور اس بات کو کبھی چھپایا نہیں گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے اور انہوں نے بات چیت کرنے کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے رکھا ہے۔ ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری سمجھا گیا، تاہم فی الحال حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم کا خط موصول ہونا اچھی بات ہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے خط پر کوآرڈینیشن کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ۱۰ ماہ سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔
0











