طبی معائنہ کرنے والے طبی بورڈ کی روزانہ ایک گھنٹہ چہل قدمی، اہلِ خانہ سے ملاقات، اخبار، ٹیلی وژن اور کتب کی سہولت فراہم کرنے کی سفارش
راولپنڈی (نیوزلائن): اڈیالہ جیل میں 10 اگست کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آگئی، جس کے مطابق طبی بورڈ نے ان کی ذہنی بے چینی کی سطح تین پلس قرار دیتے ہوئے بلڈ پریشر اور ذہنی بے چینی پر قابو پانے کے لیے روزانہ ایک گھنٹہ چہل قدمی کی سفارش کی۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کے لیے تشکیل دیے گئے طبی بورڈ میں چار ڈاکٹر شامل تھے، جن میں لندن سے بلائے گئے ڈاکٹر فرقاد عالمگیر، ڈاکٹر عارف خان، ڈاکٹر اختر علی بندیشہ اور ڈاکٹر علی عارف شامل تھے۔
طبی بورڈ نے عمران خان کو اہلِ خانہ سے ملاقات، اخبار، ٹیلی وژن اور کتب کی سہولت فراہم کرنے کی بھی سفارش کی، جبکہ ان کی اہلیہ سے ملاقاتوں میں اضافے کی تجویز بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فرقاد عالمگیر نے عمران خان کے بلڈ پریشر کی دوا میں تبدیلی بھی کی تھی، جبکہ ان کی اڈیالہ جیل آمد سے متعلق پارٹی قیادت اور اہلِ خانہ کو آگاہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے طبی معائنے کے لیے طبی بورڈ وفاقی حکومت نے تشکیل دیا تھا، جبکہ طبی بورڈ کی رپورٹ اڈیالہ جیل میں سپریم کورٹ میں بھی جمع کرائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کا نام عمران خان کے علاج سے متعلق حالیہ مذاکراتی عمل میں بھی سامنے آیا تھا۔
0











