تقریب میں میٹرک میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے
راولپنڈی(نیوزلائن)الائیڈ اور ایفا اسکول ریجنل آفس نارتھ کے زیرِ انتظام پنجاب کالج راولپنڈی میں تقسیمِ انعامات و اسناد کی ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب میں میٹرک بورڈ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں کیش انعامات اور اسناد تقسیم کیے گئے،جن کا تعلق جہلم و نارتھ پنجاب ریجن میں واقع الائیڈ اور ایفا اسکولز سے ہے۔اس کے علاوہ تقریب میں الائیڈ و ایفا اسکولز میں جاری گزشتہ تقاریری مقابلہ جات اور غیر نصابی سرگرمیوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔اس تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر شاہد محمود، پروجیکٹ ڈائریکٹر الائیڈ اور ایفا اسکولز، اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر انٹر بورڈ کورڈینیشن کمیشن ڈاکٹر غلام علی ملاح حافظ محمد بشارت ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ تھے۔مہمانانِ خصوصی نے طلبہ و طالبات کو قوم کے مستقبل کا معمار قرار دیا اور تعلیم کے فروغ کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال اور اساتذہ کی تربیت سازی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس تقریب میں الائڈ اور ایفا سکولز کے ننھے ستاروں نے خوب صورت ملی نغموں پر منظر کشی کرتے ہوے شہدا اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں تعلیمی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی دیگر نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں، جاوید اقبال راجہ شاہد رفیق سرفہرست رہے اور پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کی کاوشوں کو سراہا۔
0











