جلسے، جلوس اور اکٹھ کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی پر 3 سال تک قید کی سزا؛ ضلعی انتظامیہ کا پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا اعلان
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا مراسلہ جاری کرتے ہوئے شہر میں کسی بھی قسم کے جلسے، جلوس، اجتماع یا اکٹھ پر پابندی عائد کردی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق اسلام آباد میں کسی بھی نوعیت کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی اور شہریوں کو پابندی کی خلاف ورزی سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کے تحت بھی اسلام آباد میں اجتماعات پر پابندی عائد ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص یا گروہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ قانون کی خلاف ورزی پر تین سال تک قید کی سزا مقرر ہے۔
انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
0











