فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تجویز پر ایران میں چار ملکی اجلاس، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے حکام شریک ہوں گے
تہران (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران آج پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے سینئر حکام کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں فلسطین، لبنان اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان کے مطابق چار ملکی اجلاس کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیش کی تھی، جس پر ایران نے آمادگی ظاہر کی۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کے درمیان اعتماد کا قیام ناگزیر ہے اور اجلاس میں اہم علاقائی امور زیرِ بحث آئیں گے، جن میں لبنان سے متعلق اسرائیل کی پالیسیاں اور توسیع پسندانہ منصوبے بھی شامل ہیں۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایران خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے بقول ایران اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے دفاع کا حق استعمال کرے گا، کیونکہ ایران کے خلاف کسی بھی وقت جارحیت کا امکان موجود ہے۔
اسماعیل بقائی نے اسرائیلی انتخابات کے نتائج سے متعلق کہا کہ ان سے موجودہ صورتحال پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قطری وفد بھی ایران پہنچ چکا ہے اور قطر خطے میں مصالحتی کردار ادا کر رہا ہے۔
0











