0

پنجاب میں کینسر کے ہر سٹیج کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا: عظمیٰ بخاری

ملتان کینسر سینٹر میں ہر اسٹیج کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت، جدید کوابلیشن ٹیکنالوجی سے علاج 60 منٹ میں مکمل ہوگا، نواز شریف کینسر ہسپتال پاکستان کی پہچان بنے گا: وزیر اطلاعات پنجاب
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور کے بعد اب ملتان میں بھی کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان میں کینسر ٹریٹمنٹ کے لیے کوابلیشن اور کینسر سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے، جہاں کینسر کے ہر اسٹیج کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ حالیہ طور پر ملتان کے نشتر ہسپتال میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر سمیت کوابلیشن، سائیکلوٹرون اور دیگر جدید سہولیات کا افتتاح کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو علاج کے لیے طویل تاریخیں نہیں دی جائیں گی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے علاج کا دورانیہ تقریباً 60 منٹ تک ہوگا۔ ان کے مطابق کینسر کے علاج کی یہ سہولت پنجاب کے شعبہ صحت میں ایک اہم اقدام ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ لاہور میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل نواز شریف کینسر ہسپتال بھی مکمل ہو چکا ہے۔ ان کے بقول یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کی طرح یہ ہسپتال بھی دنیا میں پاکستان کی پہچان بنے گا۔
مریم نواز کا کسی صوبائی حکومت سے مقابلہ نہیں: عظمیٰ بخاری
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا کسی صوبائی حکومت سے کوئی مقابلہ یا موازنہ نہیں۔ ان کے بقول جو لوگ کارکردگی میں مریم نواز سے مقابلہ نہیں کر سکتے، وہ ذاتی حملوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کی سیاست ہی مریم نواز کے مرہونِ منت ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔
خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تنقید
وزیر اطلاعات پنجاب نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ دربدر ٹھوکریں کھانے کے بعد وفاق پر چڑھائی کی کوشش کر رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں بانی پی ٹی آئی کے گلے کا پہلے ہی طوق بنی ہوئی ہیں اور 27 ستمبر کو تیسری بغاوت کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بانی پی ٹی آئی کی مبینہ بغاوتوں سے دور رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے اپنے بچے لندن میں لگژری زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ وہ خیبرپختونخوا کے بچوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں