0

پبجاب حکومت کا نویں جماعت کے خراب نتائج پر اساتذہ کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب کا 20 فیصد سے کم نتیجہ دینے والے اسکولوں میں فوری ایکشن کا حکم، طلبہ کے نتائج کو اساتذہ کی کارکردگی سے منسلک کرنے پر اتفاق
لاہور (نیوزلائن): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جماعت نہم کے امتحانات میں خراب نتائج پر اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کم نتائج دینے والے اسکولوں کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ویڈیو لنک اجلاس میں جماعت نہم کے حالیہ امتحانی نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے خراب نتائج پر اظہار برہمی کرتے ہوئے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے۔
اجلاس میں طلبہ کے امتحانی نتائج کو اساتذہ کی کارکردگی سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ خراب نتائج کی صورت میں متعلقہ اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ جن اسکولوں میں جماعت نہم کا نتیجہ 20 فیصد سے کم رہا ہے وہاں فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اگلے ہفتے مکمل ٹائم لائن اور جامع اصلاحاتی منصوبہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ہر جماعت میں ماہانہ اور سالانہ امتحانات شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاسکے اور کمزور طلبہ کی بروقت نشاندہی ممکن ہو۔
وزیراعلیٰ نے بہترین نتائج دینے والے اسکولوں کے لیے انعامات کا اعلان کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
انہوں نے سرکاری اسکولوں میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی تعیناتی یقینی بنانے اور ہیڈ ٹیچرز کی خالی آسامیاں 45 روز کے اندر پُر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں تعلیم میں کمزور طلبہ کے لیے شام کے اوقات میں کوچنگ کا انتظام کرنے اور اسکولوں کی مؤثر نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مریم نواز نے آؤٹ سورس کیے گئے اسکولوں کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی محنت طلبہ کے نتائج میں واضح طور پر نظر آنی چاہیے اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل کیا جائے اور طلبہ کے تعلیمی نتائج بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں