صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر زرداری نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسکول کی چھت گرنے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور طبی امداد فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری امداد فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے طلبہ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کے غمزدہ والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہوں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعہ میں خاتون ٹیچر سمیت معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چھت گرنے سے بچوں اور خاتون ٹیچر کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے، غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
‘حادثے کی اندوہناک خبر سے انتہائی صدمہ ہوا’
علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسکول میں چھت گرنے کے نتیجے میں طلباء اور اساتذہ کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی اندوہناک خبر سے انتہائی صدمہ ہوا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جاں بحق طلبا کے والدین کے غم کی شدت کا احساس ہے، انتظامیہ اپنی امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرے اور ملبے تلے دبے افراد کو فی الفور نکالے، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں لائے گئے زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے مؤثر انتظامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سانحہ پشاور پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا سانحہ ہے، سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے اسکول حادثے میں بچوں کی ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے لوگوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پشاور کا واقعہ قومی سانحہ ہے، بچوں کی اموات پر ہر دل رنجیدہ ہے، اللہ تعالیٰ بچوں کو مغفرت اور زخمیوں کو جلد صحتیابی اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے بھی کا پشاور دیر کالونی واقعے میں بچوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے کہا کہ پشاور کے افسوسناک حادثے میں معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد طلبہ کے زخمی ہونے پر دلی رنج و غم ہے۔ یہ ایک انتہائی دردناک سانحہ ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ معصوم بچوں کی المناک اموات پر دل رنجیدہ ہے، واقعہ ہر دردِ دل رکھنے والے انسان کے لیے انتہائی افسوسناک ہے، بچوں اور خاتون ٹیچر کی المناک اموات پر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں راجا پرویز اشرف اور حسن مرتضیٰ نے بھی پشاور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہیں، زخمیوں کے علاج اور متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد یقینی بنائی جائے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پشاور واقعہ بہت دلخراش واقعہ ہے، بہت بڑا نقصان ہے،بہت بھاری غم ہے،والدین کیلئے ناقابل بیان دکھ ہے،اللہ تعالٰی اپنی قدرت کاملہ سے سب والدین، پسماندگان کو صبر کی توفیق عطا فرمائے، میں دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہوں۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو فوری اور محفوظ انداز میں نکالا جائے۔
خیال رہے صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی اسکول کی چھت گرنے سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق 28 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 40 زخمی افراد میں سے 20 بچوں کی حالت تشویشناک ہے جن کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور بیشتر کو آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے۔
0











