0

ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے دوں گی، مریم نواز

پنجاب میں بدعنوانی کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے، رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ کا تقریب سے خطاب
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوگئی تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گی۔ پنجاب میں بدعنوانی کے خاتمے کو اولین ترجیح بنایا گیا ہے اور کرپشن میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ایسے ماحول میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا مشکل ہوجاتا ہے جہاں روزانہ احتجاج اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آرہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ایسے حالات میں کس طرح اپنا کام جاری رکھ سکتا ہے؟ سرمایہ کاری لانے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سب سے پہلے محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر ان پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو وہ استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہیں۔ پنجاب میں کرپشن کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے، رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کیا جا رہا ہے جبکہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) میں پنجاب کا حصہ نمایاں ہے۔ صوبے میں 25، 25 سال سے قائم ناجائز قبضے ختم کرائے گئے ہیں اور تجاوزات کے خاتمے کے بعد بازاروں کو کشادہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صنعت سمیت ہر شعبہ تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے اور صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ بن سکتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے انہیں مناسب مواقع فراہم کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بدعنوانی کے خاتمے، محفوظ ماحول کے قیام اور مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں